مہاراشٹر

تھانے: چوہان کی چال پر شندے کا وار؛ شری کانت شندے کا ماسٹراسٹروک؛ رویندرچوہان کو سیاسی جھٹکا؛ بی جے پی کے خواب چکنا چور

تھانے: (کاوش جمیل نیوز) :نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے مضبوط قلعے سمجھے جانے والے تھانے ضلع کے امبرناتھ میونسپل کونسل میں جاری سیاسی ڈرامہ ریاست بھر میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ شندے سینا کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے بی جے پی نے کانگریس سے غیر متوقع اتحاد کیا تھا، جس پر نہ صرف ریاست بلکہ ملک بھر میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ اس اتحاد کے بعد کانگریس نے اپنے 12 کونسلروں کو معطل کر دیا، جنہیں بی جے پی نے فوراً اپنی جماعت میں شامل کر لیا اور اقتدار کا دعویٰ بھی پیش کر دیا۔ تاہم اب شندے سینا نے زبردست سیاسی چال چلتے ہوئے بی جے پی کو کاری ضرب لگا دی ہے۔
اجیت پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے 4 کونسلروں کی حمایت حاصل کرتے ہوئے شندے سینا نے تھانے ضلع کلکٹر کے پاس اقتدار کی تشکیل کا باضابطہ دعویٰ پیش کرنے والا خط جمع کرا دیا ہے۔
امبرناتھ میونسپل کونسل میں گزشتہ چند دنوں سے زبردست سیاسی ہلچل جاری ہے۔ جہاں بی جے پی نے شندے سینا کو جھٹکا دیتے ہوئے اقتدار کی تیاری شروع کی تھی، وہیں شندے سینا نے پلٹ وار کرتے ہوئے بی جے پی کو ہی شِکست دے دی ہے۔ پہلے بی جے پی کے ساتھ گئی این سی پی کو واپس اپنے ساتھ ملا کر شندے سینا نے سیدھا اقتدار کا دعویٰ پیش کر دیا۔
نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے صاحبزادے کلیان کے رکنِ پارلیمان شری کانت شندے نے بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان کو بڑا دھچکا دیا ہے۔ کانگریس کے 12 معطل کونسلروں کو بی جے پی میں شامل کر کے رویندر چوہان نے شندے سینا کو جھٹکا دیا تھا، مگر اب شندے نے چوہان کو ’’کاٹ شِہ‘‘ دیتے ہوئے بازی پلٹ دی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ امبرناتھ میونسپل کونسل کے انتخابات ہوئے تھے، جن میں شندے سینا اور بی جے پی نے الگ الگ مقابلہ کیا۔ شندے سینا کو سب سے زیادہ 27 نشستیں حاصل ہوئیں جبکہ بی جے پی کو 14 نشستیں ملیں۔ تاہم میئر کے انتخاب میں بی جے پی نے کامیابی حاصل کر کے شندے سینا کو بڑا جھٹکا دیا تھا، جس کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی۔
شندے سینا کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے بی جے پی نے کانگریس (12) اور این سی پی (4) کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی کوشش کی، جس پر شدید تنقید ہوئی۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے بھی ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کارروائی کا انتباہ دیا۔ کانگریس نے فوری طور پر اپنے 12 کونسلروں کو معطل کر دیا، مگر اگلے ہی دن بی جے پی ریاستی صدر رویندر چوہان نے ان تمام 12 کونسلروں کو پارٹی میں شامل کر لیا۔
کانگریس کے معطل کونسلروں اور این سی پی کی حمایت کے بل پر بی جے پی نے اقتدار کی تیاری شروع کی، مگر شری کانت شندے نے این سی پی کے کونسلروں کی حمایت حاصل کر کے بی جے پی کو چیک میٹ کر دیا۔ شندے سینا کے 27 اور این سی پی کے 4، اس طرح مجموعی طور پر 31 کونسلروں کی حمایت کے ساتھ شندے گروپ نے ضلع کلکٹر کے پاس اقتدار کا دعویٰ پیش کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ امبرناتھ میونسپل کونسل کی کل رکنیت 59 ہے اور اکثریت کا ہندسہ 30 ہے۔ ایسے میں شندے سینا نے اکثریت ثابت کرتے ہوئے بی جے پی کے خوابوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!