مہاراشٹر: دسویں، بارہویں کے امتحانات پرسخت پہرہ! سی سی ٹی وی اور ڈرون سے ہوگی نگرانی ؛ غیر قانونی سرگرمی پر ناقابلِ ضمانت کیس، حکومت کا دو ٹوک پیغام

پونے: (کاوش جمیل نیوز) :مہاراشٹراسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے منعقد ہونے والے دسویں اور بارہویں کے امتحانات کو شفاف، منصفانہ اور پرسکون ماحول میں کرانے کے لیے حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے ریاستی سطح کی چوکسی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ امتحانات کے دوران نقل سے پاک مہم کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے اور طلبہ کو تناؤ سے پاک ماحول فراہم کرنے کی ذمہ داری اس کمیٹی کو سونپی گئی ہے۔ امتحانی مراکز پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی اب براہِ راست ضلع انتظامیہ کے کنٹرول میں رہے گی۔
اس سلسلے میں اسکولی تعلیم کے محکمے نے باضابطہ حکومتی فیصلہ (جی آر) جاری کیا ہے۔ دسویں اور بارہویں کے امتحانات کو بہتر اور معیاری ماحول میں منعقد کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جاتے ہیں۔ اسی کے تحت ہر ضلع میں ضلع کلکٹر کی صدارت میں چوکسی کمیٹی پہلے ہی قائم ہے۔ ان کمیٹیوں کے اراکین پر لازم ہوگا کہ وہ امتحانی مدت کے دوران امتحانی مراکز کا دورہ کریں اور موقع پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں۔
ڈویژنل بورڈز کی جانب سے جن امتحانی مراکز کو “حساس” اور “شرپسند” قرار دیا گیا ہے، وہاں خصوصی نگرانی کا سخت نظام نافذ کیا جائے گا۔ اگرچہ ضلع سطح پر کمیٹیاں سرگرم ہیں، لیکن ریاست بھر میں بہتر ہم آہنگی، کنٹرول اور مؤثر عمل درآمد کے لیے ایک الگ ریاستی سطح کی چوکسی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
یہ ریاستی کمیٹی تعلیم کمشنر کی صدارت میں کام کرے گی، جس میں ریاستی بورڈ کے صدر، تمام ریجنز کے اسپیشل آئی جی، ایڈیشنل کمشنر، ڈویژنل کمشنرز، ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن، ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن، ڈائریکٹر ایجوکیشن اسکیم، اور ریاستی بورڈ کے سیکریٹری شامل ہوں گے۔ اس کمیٹی پر ریاست بھر میں نقل سے پاک مہم کو مؤثر بنانا اور امتحانات کو پرامن و تناؤ سے پاک ماحول میں مکمل کرانا بڑی ذمہ داری ہوگی۔
ضلع سطحی کمیٹی کی ذمہ داریاں
�امتحان سے ایک دن قبل یہ یقینی بنانا کہ امتحانی مرکز کی تمام بنیادی سہولیات درست حالت میں ہوں۔
�ضلع کے تمام حساس اور شرپسند امتحانی مراکز کی معلومات جمع کرنا۔
�امتحانی مراکز کے تمام کمروں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے اور ریکارڈنگ محفوظ ہونے کی تصدیق کرنا۔
�حساس اور شرپسند امتحانی مراکز کے اطراف ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی رکھنا۔
�نقل سے پاک مہم کے لیے سی سی ٹی وی کا کنٹرول ضلع انتظامیہ کے دفتر میں رکھنا۔
�بڑے امتحانی مراکز کے لیے سوالیہ پرچے لے جانے اور جوابی پرچے جمع کرنے کے لیے سرکاری گاڑیوں کا انتظام کرنا۔
�سوالیہ پرچوں کی ترسیل کے دوران اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ پولیس اہلکار یا ہوم گارڈ تعینات کرنا۔
�تمام امتحانی مراکز پر فلائنگ اسکواڈ، اسٹیٹک اسکواڈ اور پولیس بندوبست تعینات کرنا۔
�فلائنگ اسکواڈ میں کم از کم ایک خاتون نمائندہ شامل کرنا۔
�کسی بھی مرکز پر نقل یا بے ضابطگی کی صورت میں اکسانے والوں، مدد کرنے والوں اور ملوث افراد کے خلاف قابلِ گرفت اور ناقابلِ ضمانت جرم درج کرنا۔
�امتحانی مرکز کے 500 میٹر کے دائرے میں موجود فوٹو کاپی کی دکانیں بند رکھنا۔



