مہاراشٹرکوملنے جارہی ہے پہلی خاتون نائب وزیرِاعلیٰ: کل شام 5 بجے سنیترا اجیت پوار کی حلف برداری ؟

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :سنیتر ا پوار کل نائب وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گی؛ مہاراشٹر کو پہلی خاتون نائب وزیرِ اعلیٰ ملنے جا رہی ہیں۔ سیاسی حلقوں سے اس وقت کی سب سے بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل سنیتر ا پوار نائب وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے جا رہی ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے حلقے میں سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور نائب وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کے لیے سنیتر ا پوار کے نام پر حتمی مہر لگ چکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر کو اپنی پہلی خاتون نائب وزیرِ اعلیٰ ملنے والی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کل دوپہر دو بجے این سی پی کے تمام اراکینِ اسمبلی کی ممبئی میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوگی، جس کے بعد شام کے وقت سنیتر ا پوار نائب وزیرِاعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔ اجیت پوار کے سیاسی مشیرنریش اروڑا نے اس سلسلے میں سنیتر ا پوار سے تفصیلی گفتگو کی ہے، جس کے بعد سنیتر ا پوار نے نائب وزیرِ اعلیٰ کا عہدہ قبول کرنے پررضامندی ظاہر کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ کل شام پانچ بجے حلف برداری کریں گی۔
دوسری جانب ان پیش رفتوں کے پس منظر میں این سی پی کے حلقے میں مزید تیزی آ گئی ہے۔ پارٹی کے سینئررہنما چھگن بھجبل، سنیل تٹکرے، دھننجے منڈے اور پرفل پٹیل نے وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڈنویس سے ملاقات کے لیے ورشا رہائش گاہ کا رخ کیا۔ ورشا میں ہونے والی اس اہم میٹنگ کے بعد بالآخر نائب وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کے لیے سنیتر ا پوار کے نام پر مہر ثبت کر دی گئی۔
اسی دوران این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے پارٹی کے کارگزار صدر پرفل پٹیل کی رہائش گاہ پہنچے ہیں، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک اہم میٹنگ جاری ہے۔ کل دوپہر دو بجے این سی پی کے اراکینِ اسمبلی کی ایک اور اہم میٹنگ ہوگی، جس میں پارٹی کے گروپ لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں کن اہم نکات پر بات کرنی ہے اور گروپ لیڈر کے انتخاب کا طریقۂ کار کیا ہوگا، ان تمام امور پر غور و خوض کیا جا رہا ہے۔
مزید یہ کہ کل سنیترا پوار کی حلف برداری سے قبل این سی پی کے تمام اراکینِ اسمبلی کی میٹنگ کے لیے پارٹی کی جانب سے اسمبلی سیکریٹریٹ کو خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں میٹنگ کے لیے جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ یہ میٹنگ کل ودھان بھون میں منعقد ہونے والی ہے۔ اگرچہ پارٹی کی جانب سے باضابطہ اطلاع ابھی باقی ہے، تاہم این سی پی کے کئی رہنما احتیاطاً ممبئی کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔ کئی اراکینِ اسمبلی آج رات ہی جبکہ کچھ کل صبح تک ممبئی پہنچنے والے ہیں۔



