مہاراشٹر

مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے 10 اراکین بلا مقابلہ منتخب؛ ودھان بھون میں شاندار حلف برداری تقریب، رام شندے نے دلایا حلف

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی دوسالہ انتخابی عمل میں 9 اور ضمنی انتخاب میں 1، اس طرح کل 10 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہونے کے بعد آج ودھان بھون کے مرکزی ہال میں حلف برداری کی تقریب شانداراندازمیں منعقد ہوئی۔ قانون ساز کونسل کے چیئرمین پروفیسر رام شندے نے تمام نومنتخب اراکین کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ پوار سمیت کابینہ کے کئی اہم وزراء موجود تھے۔ نیشنلسٹ کانگریس کے رکن اسمبلی ذیشان صدیقی نے انگریزی زبان میں حلف لیا۔
قانون ساز کونسل کی کل 10 نشستوں کے لیے یہ انتخابی عمل انجام دیا گیا تھا۔ ان میں 9 نشستوں کے لیے باقاعدہ انتخابات جبکہ ایک نشست کے لیے ضمنی انتخاب کا اعلان کیا گیا تھا۔ 12 مئی 2026 کو ووٹنگ ہونا طے تھی، لیکن 10 نشستوں کے لیے صرف 10 امیدواروں نے ہی نامزدگی داخل کی، جس کے باعث تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب قرار دیے گئے۔
ان انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو سب سے زیادہ 6 نشستیں حاصل ہوئیں، جبکہ شیو سینا (ایکناتھ شندے گروپ) کو 2 نشستیں اور نیشنلسٹ کانگریس (اجیت پوار گروپ) و شیو سینا (ادھو ٹھاکرے گروپ) کو ایک ایک نشست ملی۔
پارٹی وار حلف لینے والے اراکین کی فہرست:
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی):
پرمود جٹھار، سنیل کرجتکر، مادھوی نائک، سنجے بھیندے، وویک کولہے اور پرگیا ساتو (ضمنی انتخاب)
شیو سینا (ایکناتھ شندے گروپ):
ڈاکٹر نیلم گورہے اور بچو کڈو
شیو سینا (ادھو بالاصاحب ٹھاکرے گروپ):
امباداس دانوے
نیشنلسٹ کانگریس (اجیت پوار گروپ):
ذیشان صدیقی
اس انتخاب میں اسمبلی میں موجود جماعتی طاقت کے مطابق نشستوں کی تقسیم ہوئی۔ اس وقت اسمبلی میں بی جے پی کے 131، شیو سینا (شندے گروپ) کے 57 اور نیشنلسٹ کانگریس (اجیت پوار گروپ) کے 40 اراکین ہیں۔
اپوزیشن میں شیو سینا (ٹھاکرے گروپ) کے 20، کانگریس کے 16 اور نیشنلسٹ کانگریس (شرد پوار گروپ) کے 10 اراکین موجود ہیں۔ اس کے علاوہ سماجوادی پارٹی 2، جن سوراجیہ شکتی 2، راشٹریہ یووا سوابھیمان پارٹی 1، راشٹریہ سماج پارٹی (راسپ) 1، ایم آئی ایم 1، سی پی آئی (ایم) 1، پی ڈبلیو پی آئی 1، راجرشی شاہو وکاس آگھاڑی 1 اور 2 آزاد اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!