بالاپور اسمبلی حلقے میں ووٹر میپنگ مہم تیز، 78.12 فیصد ووٹرز کی میپنگ مکمل; 1.97 لاکھ ووٹروں میں سے 81 ہزار سے زائد کی تصدیق مکمل; کئی بوتھوں پر 80 سے 90 فیصد تک پیش رفت!

بالاپور : (ذاکر احمد) : انتخابی عمل کو زیادہ شفاف اور درست بنانے کے مقصد سے جاری ووٹر میپنگ مہم میں اسمبلی حلقہ بالاپور میں نمایاں پیش رفت درج کی گئی ہے۔ 13 مارچ 2026 تک موصولہ رپورٹ کے مطابق حلقے میں موجود کل 1,97,664 ووٹروں میں سے 1,04,480 ووٹروں کو بی ایل او کے ذریعے میپ کیا جا چکا ہے، جن میں سے 81,616 ووٹروں کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے۔ اس طرح کٹ آف عمر کی بنیاد پر حلقے میں مجموعی طور پر 78.12 فیصد ووٹروں کی میپنگ مکمل ہو چکی ہے۔
محکمۂ انتخابات کی جانب سے تیار کیے گئے سسٹم اور بی ایل او کے مشترکہ تعاون سے بڑی تعداد میں ووٹروں کی معلومات کی تصدیق اور اپڈیٹ کا عمل جاری ہے۔ محکمہ کے مطابق ووٹر لسٹ کو مزید درست بنانے کے لیے خصوصی جامع نظرثانی مہم (SIR) کے تحت یہ میپنگ عمل انجام دیا جا رہا ہے۔
اسی کے ساتھ 18 سال عمر کے نئے ووٹروں (پروجنی) کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ اس زمرے میں 92,933 ممکنہ نئے ووٹرز کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے اب تک 42,679 نوجوانوں کی میپنگ مکمل کی جا چکی ہے۔
شہر کے مختلف پولنگ حصوں میں میپنگ کی رفتار مختلف سطح پر نظر آ رہی ہے۔ کئی بوتھوں پر کام تیزی سے مکمل ہو رہا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں ابھی بھی تصدیقی عمل جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق حصہ نمبر 141، 142، 151، 155، 161 اور 174 میں ووٹروں کی میپنگ 90 فیصد سے زیادہ مکمل ہو چکی ہے۔ اسی طرح حصہ نمبر 138، 143، 144، 158، 168، 170 اور 176 میں 75 سے 85 فیصد تک میپنگ کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ تاہم کچھ پولنگ مراکز جیسے حصہ نمبر 139، 146، 150، 153، 162 اور 172 میں میپنگ کی شرح نسبتاً کم پائی گئی ہے، جہاں بی ایل او کی جانب سے خصوصی مہم چلا کر باقی ووٹروں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
انتخابی محکمہ کے حکام کے مطابق ووٹروں کی درست معلومات اور عمر کی تصدیق کے لیے یہ عمل انتہائی اہم ہے۔ اس سے ووٹر لسٹ میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور انتخابی نظام کو زیادہ شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔
بلدیہ انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقے کے بی ایل او کو ضروری معلومات فراہم کر کے اس مہم میں تعاون کریں تاکہ آئندہ انتخابات سے پہلے ووٹر لسٹ کو مکمل طور پر درست اور اپڈیٹ کیا جا سکے۔



