مہاراشٹر

اکولہ تین اجلاسوں کے لیے 16 کارپوریٹر معطل میونسپل کارپوریشن کے خصوصی اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے بعد سخت کارروائی

اکولہ: (ذاکر احمد شیخ) :میونسپل کارپوریشن کے خصوصی اجلاس کے دوران پیش آنے والی ہنگامہ آرائی اور شدید نوک جھونک کے بعد میئر نے سخت فیصلہ لیتے ہوئے 16 کارپوریٹروں کو آئندہ تین اجلاسوں کے لیے معطل کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس کے دوران شور و غوغا، نعرہ بازی اور کارروائی میں خلل ڈالنے کے الزامات کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق خصوصی اجلاس کے دوران بعض کارپوریٹروں نے مختلف مسائل پر سخت اعتراضات اٹھاتے ہوئے شدید احتجاج کیا، جس کے باعث ماحول کشیدہ ہو گیا اور کچھ وقت کے لیے اجلاس کی کارروائی بھی متاثر رہی۔ صورتحال کو قابو میں رکھنے اور ایوان کی نظم و ضبط اور وقار برقرار رکھنے کے مقصد سے میئر نے میونسپل قوانین کے تحت متعلقہ کارپوریٹروں کے خلاف معطلی کی کارروائی کی۔
معطل کیے گئے کارپوریٹروں میں محمد فضلُو عبدالكریم، آزاد خان علیار خان، پراگ رام کرشن گवئی، نلیش رام کرشن دیو، شیخ شمشو کمر شیخ صابر، ڈاکٹر ذیشان حسین، وجئے رامداس انگلے، شنکر بھاؤراو لنگوٹے، نیلوفر خان سہیل خان، آکاش شری کرشن کوڈے، ابھیئے اشوک خمکر، زینبی شیخ ابراہیم، آسیہ پروین محمد شارق، اجولا پروین پاٹوڈے، سُورن ریکھا وجئے جادھو اور جیشری مہندر بہادرکر شامل ہیں۔
ادھر اس فیصلے کے بعد اکولا شہر کے سیاسی حلقوں میں خاصی چہل پہل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس کارروائی پر ردِعمل سامنے آ رہا ہے اور حامی و مخالف حلقوں کے درمیان رائے کا اختلاف بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے آئندہ اجلاسوں میں اس معطلی کے فیصلے پر مزید بحث اور سیاسی بیان بازی کا امکان ہے، جس کے باعث اکولا کی بلدیاتی سیاست میں آنے والے دنوں میں گرما گرمی بڑھنے کے آثار نظر آ رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!