بارسی ٹاکلی عید ملن پروگرام میں خطاب ؛ قرآن کریم پوری انسانیت کی رہنمائی کے لیے آیا ہے…..پروفیسر سید سلمان، پوسد

اکو لہ: (ڈاکٹر ذاکر نعمانی) :بار سی ٹاکلی سَدبھاؤنا منچ اور جماعتِ اسلامی ہند، شاخ بار سی ٹاکلی کے مشترکہ زیرِ اہتمام عید ملن تقریب نہایت جوش و خروش، خلوص اور سماجی ہم آہنگی کے ماحول میں شاندار انداز سے حال ہی میں منعقد ہوئی۔ یہ تقریب دیوان فنکشن ہال، بار سی ٹاکلی میں منعقد کی گئی۔تقریب کی صدارت پوسد کے معروف محققِ ادب پروفیسر سید سلمان سر نے فرمائی۔ اس موقع پر مہمانانِ خصوصی میں رویندر کاپسیکر (تحصیلدار)، پروین دھومال (پولیس انسپکٹر)، راہل کنکال (چیف ایگزیکٹو آفیسر)، ونچت بہوجن آ گھاڑی کے رہنما نعیم الدین شیخ ، جمعیت العلماء کے تعلقہ صدر مولوی عبدالسلام، چندرکانت واٹمارے، ہری داس رتنپارکھی اور دیگر معزز شخصیات کی موجودگی نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مہمانوں کا استقبال کیا گیا۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محبت، بھائی چارہ، سماجی مساوات اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔صدارتی خطاب میں پروفیسر سید سلمان نے قرآنِ مجید اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ طیبہ سے حاصل ہونے والی تعلیمات کے ساتھ ساتھ ہندوستانی صوفیانہ روایت کی مثالیں پیش کرتے ہوئے موجودہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی، نفرت اور انتشار پر تشویش ظاہر کی اور ان مسائل کے حل بھی پیش کیے۔ انہوں نے انسانیت، باہمی احترام اور بقائے باہمی پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے مؤثر رہنمائی فراہم کی۔اس عید ملن تقریب کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا اور سماجی رشتوں کو مضبوط بنانا نہایت ضروری ہے۔ مختلف سماجی اور مذہبی طبقات کی بھرپور شرکت نے اس پروگرام کو حقیقی معنوں میں ہم آہنگی، اتحاد اور انسانیت کا جشن بنا دیا۔پروگرام کی نظامت ذوالقرنین سر نے انجام دی جبکہ اظہارِ تشکر حسین خان نے پیش کیا۔اس کامیاب انعقاد کے لیے جماعتِ اسلامی ہند، بار سی ٹاکلی کے تمام کارکنان کی کاوشیں قابلِ ستائش رہیں۔




