انتخابی ماحول گرم: پر بھنی میں رات بھر چھاپے، 62 مفرورحراست میں؛ انتخابات کے پیشِ نظر پربھنی میں سخت کارروائی

پر بھنی: (کاوش جمیل نیوز) :پر بھنی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیشِ نظر ضلع پولیس مکمل ایکشن موڈ میں نظر آ رہی ہے۔ اتوار (11 تاریخ) کی رات 12 بجے سے 2 بجے کے درمیان شہر اور ضلع کے مختلف علاقوں میں بیک وقت بڑی مہم چلائی گئی، جس کے دوران مختلف جرائم میں مفرور اورعدالتی وارنٹ والے ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
اس مہم کے دوران انتخابی پس منظر میں اسلحہ لائسنس ہولڈرز کے گھروں کی بھی تلاشی لی گئی، ساتھ ہی خطرناک ہتھیار استعمال کرنے والے مجرموں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ اس کارروائی میں ایک تلوار اورایک خنجر ضبط کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جرائم پیشہ ٹولیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے ان کی سرگرمیوں پر روک لگانے کے مقصد سے یہ مہم چلائی گئی۔ پولیس کارروائی میں مجموعی طور پر 62 مفرور ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ 58 افراد کے گھروں کی تلاشی لی گئی جو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے شبہ میں تھے۔
پر بھنی دیہی پولیس تھانہ حدود کے زرّی علاقے میں رہنے والے گیانیشور اُدھو پوار (عمر 30 سال) کے گھر سے ایک تلوار برآمد کی گئی، جس پر اس کے خلاف انڈین آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسی طرح پربھنی شہر میں وندرا سنگھ نانک سنگھ ٹاک (ساکن: گرو گووند سنگھ نگر) کے قبضے سے ایک خنجر برآمد ہوا، جس پر کوتوَالی پولیس تھانے میں انڈین آرمز ایکٹ اور مہاراشٹر پولیس ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔
ادھر ناکہ بندی کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کے پاس سے 5 لاکھ 60 ہزار روپے نقد رقم برآمد ہوئی۔ مذکورہ شخص وسنت شنکر راو جٹال (عمر 47 سال) ساکن گیانیشور نگر، ساخلہ پلاٹ نے خود کو واٹیکا ہوٹل،بسمت روڈ کا منیجر بتایا۔ ایف ایس ٹی (فلائنگ اسکواڈ ٹیم) کی مدد سے یہ کارروائی انجام دی گئی۔
یہ پوری کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ رویندرسنگھ پردیشی کی رہنمائی اور ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج گنجال کی قیادت میں انجام دی گئی۔ اس مہم میں دو ڈویژنل پولیس افسران، لوکل کرائم برانچ کے انچارج، 25 پولیس افسران، 19 تھانوں کے انچارج اور تقریباً 190 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکنے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں مزید بھی جاری رہیں گی۔



