مہاراشٹر: الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس ؛ میونسپل کارپوریشنس کے بعد دیہی انتخابات، 12 ضلع پریشد اور 125 پنچایت سمیتیوں کے انتخابات کا اعلان

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :ریاست میں اس وقت میونسپل کارپوریشن انتخابات کی گہماگہمی عروج پر ہے۔ 15 جنوری کو ووٹنگ اور 16 جنوری کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ آج 13 جنوری انتخابی مہم کا آخری دن ہے۔ ایسے میں ریاستی سیاست میں سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ اسی دوران آج ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں ریاست کے 12 ضلع پریشد اور 125 پنچایت سمیتیوں کے انتخابات کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
ریاستی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کے بارے میں معلومات دینے کے لیے یہ پریس کانفرنس بلائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق جن ضلع پریشدوں میں 50 فیصد سے کم ریزرویشن ہے، وہاں انتخابات کرانا لازمی ہے۔ اسی حکم کی روشنی میں ریاست کے 12 ضلع پریشد اور 125 پنچایت سمیتیوں میں انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں۔
ان انتخابات میں کوکن ڈویژن کے رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ، پونے ڈویژن کے پونے، ساتارا، سانگلی، کولہا پور اور سولاپور جبکہ مراٹھواڑہ ڈویژن کے اورنگ آباد، پربھنی، عثمان آباد اور لاتور شامل ہیں۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ ضلع پریشد انتخابات میں ہر ووٹر کو دو ووٹ دینا لازمی ہوگا، جن میں ایک ووٹ ضلع پریشد کے لیے اور دوسرا ووٹ پنچایت سمیتی گن کے لیے ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ اس انتخاب میں نامزدگی کا عمل آف لائن طریقے سے انجام دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع پریشد انتخابات کا نوٹیفکیشن 16 جنوری 2026 کو جاری کیا جائے گا۔ نامزدگی فارم 16 جنوری سے 21 جنوری 2026 تک جمع کیے جا سکیں گے۔ امیدواروں کے فارم کی جانچ پڑتال 22 جنوری 2026 کو ہوگی، جبکہ 27 جنوری دوپہر 3 بجے تک نام واپس لینے کی مہلت دی گئی ہے۔ اسی دن 3:30 بجے کے بعد حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی اور انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ ووٹنگ 5 فروری 2026 کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 7 فروری 2026 کو صبح 10 بجے سے شروع کی جائے گی۔



