بلدیاتی میدان میں بی جے پی کی برتری، این سی پی دونوں دھڑوں کی ناکامی؛ پونے، پمپر ی، ناسک میں این سی پی بے اثر، بی جے پی مضبوط پوزیشن میں

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :ریاست میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کے نتائج اب تقریباً واضح ہو چکے ہیں۔ مہاراشٹر کی بلدیاتی سیاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ایک بار پھر زبردست پیش رفت کی ہے۔ گزشتہ انتخابات کے مقابلے اس مرتبہ بی جے پی کو کہیں زیادہ کامیابی حاصل ہوتی نظر آ رہی ہے۔ 29 میونسپل کارپوریشنز میں سے تقریباً 26 میں بی جے پی کی حکومت بننے کے آثار ہیں، جبکہ دوسرے نمبر پر شیو سینا (شندے گروپ) دکھائی دے رہی ہے۔ کانگریس کو بھی مناسب کامیابی ملی ہے، مگر دوسری طرف این سی پی اجیت پوار گروپ اور این سی پی شرد پوار گروپ کو بڑا سیاسی دھچکا لگا ہے۔
اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق ریاست بھر میں بی جے پی کے امیدوار 1280 نشستوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جن میں سے کئی جگہوں پر کامیابی بھی یقینی ہو چکی ہے۔ شیو سینا شندے گروپ 365 نشستوں پر آگے ہے۔ تاہم این سی پی اجیت پوار گروپ اور این سی پی شرد پوار گروپ کو اس انتخاب میں خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی۔ این سی پی اجیت پوار گروپ کے امیدوار 122 نشستوں پر آگے ہیں، جبکہ این سی پی شرد پوار گروپ کی حالت اس سے بھی زیادہ خراب ہے اور اس کے امیدوار صرف 29 نشستوں پر ہی برتری حاصل کر سکے ہیں۔
پونے اور پمپر ی چنچوڑ میں دونوں این سی پی گروپوں نے اتحاد کیا تھا۔ پونے میں این سی پی شرد پوار گروپ، این سی پی اجیت پوار گروپ اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلہ تھا، مگر یہاں این سی پی کو زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پونے میں این سی پی اجیت پوار گروپ کے امیدوار صرف 12 نشستوں پر آگے ہیں، جبکہ این سی پی شرد پوار گروپ کے امیدوار محض 2 نشستوں پر برتری حاصل کر سکے ہیں۔ دوسری جانب بی جے پی کو پونے میونسپل کارپوریشن میں واضح اکثریت ملنے کے آثار ہیں، جہاں اس کے امیدوار 110 نشستوں پر سبقت لیے ہوئے ہیں۔
پمپر ی چنچوڑ میں بھی کچھ ایسی ہی صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے۔ یہاں بھی بی جے پی نے دونوں این سی پی گروپوں کو سخت شکست دی ہے۔ بی جے پی کے امیدوار 83 نشستوں پر آگے ہیں، جبکہ این سی پی اجیت پوار گروپ کے امیدوار 37 نشستوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ این سی پی شرد پوار گروپ تو پمپر ی چنچوڑ میں کھاتہ بھی نہیں کھول سکا ہے۔
ناندک میں بھی این سی پی اجیت پوار گروپ کے امیدوار صرف 3 نشستوں پر آگے ہیں، جبکہ این سی پی شرد پوار گروپ اب تک ایک بھی نشست پر برتری حاصل نہیں کر سکا۔



