مہاراشٹر: نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے انتقال کے باعث ریاست میں سوگ کا اثر؛ ضلع پریشد،پنچایت سمیتیوں کے انتخابی شیڈول میں بڑی تبدیلی؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال کے باعث مہاراشٹر میں تین دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی وجہ سے ریاست کی 12 ضلع پریشدوں اور ان کے تحت آنے والی 125 پنچایت سمیتیوں کے عام انتخابات کے باقی مراحل میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب 5 فروری 2026 کے بجائے 7 فروری 2026 کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ 7 فروری 2026 کے بجائے 9 فروری 2026 کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔
ریاستی الیکشن کمیشن نے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات کا شیڈول 13 جنوری 2026 کو جاری کیا تھا۔ اس کے مطابق نامزدگی فارم داخل کرنا، نامزدگی واپس لینا، انتخابی نشان الاٹ کرنا اور حتمی امیدواروں کی فہرست شائع کرنے جیسے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ اب صرف ووٹنگ، ووٹوں کی گنتی اور منتخب ارکان کے نام سرکاری گزٹ میں شائع کرنا باقی ہے۔
معزز سپریم کورٹ نے ان انتخابات کے لیے 31 جنوری 2026 کے بعد صرف دو ہفتوں کی توسیع دی تھی۔ تاہم نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا 28 جنوری 2026 کو حادثاتی انتقال ہو گیا، جس کے بعد ریاستی حکومت نے 28 جنوری سے 30 جنوری 2026 تک سرکاری سوگ کا اعلان کیا۔ اسی مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابی پروگرام کے باقی مراحل میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اس کے مطابق متعلقہ ضلع کلکٹرز 31 جنوری 2026 کو نظرثانی شدہ انتخابی پروگرام کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔
نئے شیڈول کے مطابق 7 فروری 2026 کو صبح 7:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ اس کے باعث انتخابی تشہیری مہم 5 فروری 2026 کو رات 10 بجے ختم ہو جائے گی۔ جبکہ 9 فروری 2026 کو صبح 10 بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع کی جائے گی۔ نتائج کے اعلان کے بعد متعلقہ علاقوں میں ضابطۂ اخلاق ختم ہو جائے گا۔ منتخب ارکان کے نام 11 فروری 2026 تک سرکاری گزٹ میں شائع کر دیے جائیں گے۔
ادھر ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات جیتنے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں پوری طرح متحرک ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال کے باعث سیاسی فضا سوگوار ہے، جس کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوئے ہیں۔ سوگ کی مدت ختم ہونے کے بعد ایک بار پھر انتخابی مہم زور پکڑنے کا امکان ہے۔ ایسے میں آنے والے دنوں میں سیاسی صورتحال کس کروٹ بیٹھتی ہے، اس پر سب کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔



