حج کمیٹی آف انڈیا میں آر۔سی ماہم ڈی۔ایل۔ایڈ کالج کے زیرِ تربیت اساتذہ کا شاندار یومِ آزادی پروگرام

ممبئی : ملک کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر حج کمیٹی آف انڈیا، ممبئی میں آر۔سی ماہم ڈی۔ایل۔ایڈ کالج کے زیرِ تربیت معلمین و معلمات کے اشتراک سے ایک شاندار، پُروقار اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ استقبالیہ خطبہ ڈاکٹر صداقت علی صاحب (ڈپٹی سی۔ای۔او) نے پیش کرتے ہوے مختصراً اظہارِ خیال کیا۔ بعد ازاں محمد نیاز احمد صاحب (ڈپٹی سی۔ای۔او) نے بھی حاضرین کو اپنے خیالات سے متاثر کیا۔ تقریب میں زیرِ تربیت اساتذہ نے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے نکّڑ ناٹک، حب الوطنی کے نغمے، مختلف ہندوستانی زبانوں میں تقاریر اور مجاہدینِ آزادی کے کردار کو ڈرامہ کے ذریعے نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا۔
پروگرام میں پیش کیے گئے نکّڑ ناٹک اور مختلف مجاہدینِ آزادی کے کردار نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔ طلبہ نے اپنی پُرجوش اور پُراثر پیشکشوں کے ذریعے آزادی کی جدوجہد، قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبات کو اجاگر کیا۔ مختلف زبانوں میں پیش کی گئی تقاریر نے ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب، اتحاد اور تنوع میں یکجہتی کی خوبصورت تصویر پیش کی۔
اس موقع پر حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محترم جناب شنا واس (شاہ نواز) صاحب (آئی اے ایس) نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔ موصوف کے دستِ مبارک سے تمام طلبہ مع اساتذہ کو سرٹیفکیٹس اور انعامات سے نوازا گیا۔ انہوں نے زیرِ تربیت معلمین و معلمات اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔ بی-ایم-سی کی بیٹ آفسر محترمہ الماس افروز صاحبہ نے بھی طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنی موجودگی کا بہترین ثبوت پیش کیا ۔
اس یادگار پروگرام کی کامیابی میں آر۔سی ماہم ڈی۔ایل۔ایڈ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر خالد خان کی رہنمائی، سرپرستی اور انتھک کاوشوں کا اہم کردار رہا۔ ان کی مؤثر رہنمائی میں زیرِ تربیت معلمین و معلمات اور کالج کے تمام اساتذہ نے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کی۔ جناب الطاف شیخ صاحب نے تقریب میں موجود تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔
تقریب کے اختتام پرآر۔سی ماہم ڈی۔ایل۔ایڈ کالج کی سالِ دوم کی زیرِ تربیت معلمہ منصوری مہک نے بانسری کی دلنشیں دھن پر قومی ترانہ پیش کیا۔ یوں آر۔سی ماہم ڈی۔ایل۔ایڈ کالج کے زیرِ تربیت معلمین و معلمات کا یہ یومِ آزادی پروگرام قومی جذبے، تعلیمی سرگرمیوں، ثقافتی ہم آہنگی اور حب الوطنی کی خوبصورت مثال پیش کرتے ہوئے ایک یادگار تقریب کے طور پر اختتام پذیر ہوا۔




