ماہا آروگیہ سمان-2026 سے سرفراز ہوئیں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رضوانہ بیگم خان! دیہی اسپتال، بالاپور کی خدمت و لگن کو ملا ریاستی سطح کا اعزاز!

بالاپور: (ذاکر احمد) :محکمۂ صحتِ عامہ، حکومتِ مہاراشٹر کی جانب سے دیہی اسپتال، بالاپور کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رضوانہ بیگم خان کو ان کی بہترین، مخلصانہ اور مثالی خدمات کے اعتراف میں “ماہا آروگیہ سمان-2026” سے نوازا گیا۔ یہ باوقار اعزاز انہیں 22 فروری 2026 کو منعقدہ ریاستی سطح کی تقریب میں معزز شری پرکاش آبٹیکر، وزیرِ صحتِ عامہ و خاندانی بہبود، حکومتِ مہاراشٹر کے دستِ مبارک سے عطا کیا گیا۔ اس موقع پر محترمہ میگھنا ساکورے بورڈیکر، معزز وزیرِ مملکت برائے صحتِ عامہ و خاندانی بہبود بطورِ خاص اسٹیج پر موجود تھیں۔
ڈاکٹر رضوانہ بیگم خان نے عوامی صحت کی خدمات کو مضبوط بنانے، وسیع پیمانے پر بیداری مہمات، احتیاطی صحتی اقدامات اور معیاری طبی سہولیات کے فروغ کے میدان میں جو نمایاں خدمات انجام دی ہیں وہ نہ صرف قابلِ ستائش بلکہ قابلِ تقلید بھی ہیں۔ ان کی باصلاحیت قیادت میں دیہی اسپتال، بالاپور نے محدود وسائل کے باوجود خدمت، ہمدردی اور لگن کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ زچہ و بچہ صحت، حفاظتی ٹیکہ کاری، غذائیت، صفائی، امراض کی روک تھام، باقاعدہ طبی کیمپس اور ہنگامی خدمات میں قابلِ ذکر بہتری ان کے دورِ کار کی نمایاں پہچان ہے۔
سماج کے تئیں ان کی گہری وابستگی، انسانی ہمدردی پر مبنی نقطۂ نظر اور مسلسل خدمت کے جذبے نے نہ صرف علاقائی سطح پر صحتی خدمات کے معیار کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے بلکہ عام شہریوں کے دلوں میں سرکاری نظامِ صحت کے تئیں اعتماد کو بھی مضبوط کیا ہے۔ “ماہا آروگیہ سمان-2026” ان کی انتھک محنت، دوراندیش قیادت اور فلاحِ عامہ کے تئیں غیر متزلزل عزم کی ریاستی سطح پر شاندار توثیق ہے۔
اس اعزاز سے نہ صرف بالاپور بلکہ پورے ضلع اکولا میں خوشی اور فخر کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف سماجی، تعلیمی اور صحتی تنظیموں، عوامی نمائندوں اور شہریوں نے ڈاکٹر رضوانہ بیگم خان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل اور مسلسل کامیابی و خدمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔



