اکولہ: ریاستی انتظامیہ میں اہم تبادلے؛ ضلع پریشد اکولہ کی چیف ایگزیکٹو آفیسرانیتا میشرام کا تبادلہ

اکولہ: (بذریعہ ذاکر احمد) :ممبئی، 9 جون حکومتِ مہاراشٹر نے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (IAS) کے متعدد افسران کے تبادلوں کے احکامات جاری کرتے ہوئے ریاستی انتظامیہ میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ ان تبادلوں میں ضلع پریشد اکولہ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ انیتا میشرام کا نام بھی شامل ہے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق، اکولہ ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ انیتا میشرام کو کمشنر مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا)، ناگپور کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ ان کے دورِ کار میں ضلع پریشد کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو رفتار ملنے کا تذکرہ کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ناگپور ڈویژن کی ایڈیشنل ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر مادھوی کھوڑے-چواڑے کو سیکریٹری، محکمہ اقلیتی ترقی، منترالیہ ممبئی مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ جناب سنیل مہیندرکر کو ایڈیشنل کنٹرولر آف اسٹامپس، ممبئی اور جناب آدتیہ جیوانے کو میونسپل کمشنر، جلگاؤں میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ریاستی انتظامیہ میں ہونے والے ان تبادلوں کو انتظامی نظام میں نئی توانائی اور بہتر کارکردگی کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔ خصوصاً ضلع پریشد اکولہ میں نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری پر عوام اور انتظامی حلقوں کی نظریں مرکوز ہیں۔




