مہاراشٹر

بلدیہ بالاپور کا تعلیمی انقلاب: معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے تاریخی اقدام؛ طلبہ کوجدید اورمعیاری تعلیم فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ بلدیہ کی نئی باڈی سرگرم؛ تعلیمی سہولیات کی ہمہ جہت ترقی کا جامع منصوبہ

بالاپور: (ذاکر احمد) :نگرپریشد (بلدیہ) بالاپور کی نو منتخب قیادت نے شہر کے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلی لانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے معیاری اور جدید تعلیم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ اسی سلسلے میں طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے اور سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کرنے کے لیے متعدد اہم اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔
بلدیہ کی جانب سے اسکولوں میں بنیادی اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت اسکولی عمارتوں کی بہتری، جدید طرز کی کلاس رومز، فرنیچر، صاف ستھرے بیت الخلاء، کھیل کا سامان، کھیل کے میدان، کمپیوٹر لیب اور کتب خانوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔nextgen classes balapur
اس کے علاوہ حقِ تعلیم قانون 2009 کے تحت چوتھی جماعت کے بعد پانچویں اور ساتویں جماعت کے بعد آٹھویں جماعت کے آغاز کی کارروائی بھی تیزی سے جاری ہے، جس سے طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
شہر کی تعلیمی تاریخ میں گزشتہ کئی دہائیوں سے محسوس کی جانے والی جمود کی کیفیت کو ختم کرنے کی سمت یہ فیصلہ نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین تعلیم اور شہری حلقوں کا ماننا ہے کہ بلدیہ کا یہ دور اندیش اقدام طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو نئی سمت اور نئی توانائی فراہم کرے گا۔
اطلاعات کے مطابق موجودہ تعلیمی سال کے لیے پانچویں جماعت میں داخلے کے تقریباً 300 درخواستیں جبکہ آٹھویں جماعت کے لیے 70 کے قریب درخواستیں متعلقہ اسکولوں میں موصول ہوئی ہیں، جنہیں نئے تعلیمی سیشن میں داخلہ دیا جائے گا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ بلدیہ بالاپور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسکولوں کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لیے اساتذہ کی تعلیمی اہلیت، تدریسی طریقۂ کار اور کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ضرورت کے مطابق اساتذہ کو رہنمائی اور بہتری کے لیے تجاویز بھی دی جا رہی ہیں، جس کے مثبت اثرات نمایاں طور پر سامنے آ رہے ہیں۔
اسی کے نتیجے میں والدین کا رجحان ایک بار پھر سرکاری اسکولوں کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو مفت یونیفارم، نصابی کتب، تعلیمی سامان اور مختلف سرکاری اسکیموں کے فوائد فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ تربیت یافتہ، اہل اور ٹی ای ٹی (Teacher Eligibility Test) کامیاب اساتذہ طلبہ کی علمی و فکری نشوونما کے لیے بھرپور خدمات انجام دے رہے ہیں۔
عوامی حلقوں کی جانب سے زبردست خیرمقدم
بلدیہ بالاپور کا یہ تعلیمی مشن طلبہ کی ہمہ جہت ترقی اور معیاری تعلیم کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کی جانب ایک تاریخی قدم تصور کیا جا رہا ہے۔ اساتذہ، والدین اور شہر کے باشعور شہریوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدام بالاپور کو تعلیمی میدان میں ایک نئی شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
"معیاری تعلیم، روشن مستقبل” کے نعرے کے ساتھ بلدیہ بالاپور کا یہ تعلیمی انقلاب شہر کے تعلیمی منظرنامے کو بدلنے کی جانب ایک مضبوط اور امید افزا پیش رفت ثابت ہو رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!