پر بھنی میں پیش آیا دردناک حادثہ: سبھا منڈپ گرنے سے 6 افراد کی موت؛ کئی عقیدت مند ملبے تلے دبے؛ ریسکیو آپریشن جاری

پربھنی: (کاوش جمیل نیوز) : آج مندر کی چھت گرنے سے پیش آئے حادثے میں 6 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ یہ واقعہ یشواڑی میں واقع ہنومان مندر میں پیش آیا۔ مندر کے گربھ گرہ کے سامنے تعمیر کیے جا رہے سبھا منڈپ کی چھت اچانک گرنے سے 6 افراد کی موت ہو گئی جبکہ ملبے کے نیچے متعدد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور جنگی بنیادوں پر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا۔ ملبے کے نیچے پھنسے عقیدت مندوں کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
اس حادثے میں زخمی ہونے والے عقیدت مندوں کو علاج کے لیے پر بھنی ضلع سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد مقامی شہریوں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا ہے۔ ملبہ ہٹانے کے لیے مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچانے کے لیے متعدد ایمبولینسیں موقع پر تعینات کی گئی ہیں۔ طبی ٹیموں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔
ہنومان مندر میں پیش آئے اس حادثے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ اس میں کچھ عقیدت مند درشن کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اسی دوران اچانک منڈپ گر جاتا ہے اور متعدد عقیدت مند ملبے کے نیچے دب جاتے ہیں۔ یہ ویڈیو دیکھ کر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ فی الحال موقع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس بھیانک حادثے کا سرپرست وزیرمیگھنا بورڈیکر نے سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے رابطہ کر کے ضروری امدادی سامان، کرین اور ریسکیو مشینری فوری طور پر موقع پر روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی راجیش وٹےکر اور ضلع کے دیگر اہم رہنماؤں نے بھی انتظامیہ سے رابطہ کر کے امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ فی الحال انتظامیہ کی اولین ترجیح ملبے کے نیچے پھنسے عقیدت مندوں کو بحفاظت باہر نکالنا ہے اور پورا ضلعی انتظامیہ اسی مقصد کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کر رہا ہے۔




