مہاراشٹر

اے آئی ایم آئی ایم (آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین ) کی ممبئی میں دھماکہ خیز انٹری، 50 وارڈز میں میدان میں اُترنے کی تیاری ؛ مہاوکاس اگھاڑی کے لیے نیا چیلنج

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :ریاستی الیکشن کمیشن نے میونسپل کونسل اور نگر پنچایت کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد پورے مہاراشٹر میں سیاسی ماحول گرما گیا ہے۔ انتخابی تاریخوں کے اعلان کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ الیکشن کمیشن ریاست کی میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات کی بھی تاریخوں کا اعلان کرے گا۔ تاہم، فی الحال ایسا نہیں ہوا۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق 31 جنوری 2025 تک تمام مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات مکمل کرنا لازمی ہے، اس لیے ممبئی سمیت دیگر شہروں کی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا اعلان جلد ہی متوقع ہے۔
اسی دوران، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) نے ایک بڑا اعلان کر کے ممبئی کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ ایم آئی ایم نے واضح کیا ہے کہ وہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں 50 سے زائد سیٹوں پر امیدوار کھڑا کرے گی۔
یہ اعلان ایم آئی ایم ممبئی کے صدر حاجی فاروق مقبول شابدی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ ان کے مطابق پارٹی کم از کم 50 وارڈز میں اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کی تیاری کر رہی ہے۔
فاروق شابدی نے بتایا کہ ممبئی کارپوریشن کے لیے حال ہی میں ریزرویشن لسٹ جاری ہوئی ہے جس میں ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی طبقوں کے لیے کئی وارڈز مخصوص کیے گئے ہیں۔ اس وجہ سے ہمارے کئی کارکن، جو طویل عرصے سے انتخابی تیاریوں میں تھے، مایوس ہوئے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود پارٹی پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ پارٹی انہی کارکنوں کو ترجیح دے گی جو کئی سالوں سے پارٹی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ جو لوگ صرف انتخاب کو دیکھ کر پارٹی میں آئے ہیں، ان کے بارے میں بعد میں غور کیا جائے گا۔
ایم آئی ایم پر اکثر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔ جب ان سے یہ سوال کیا گیا تو فاروق شابدی نے کہا:
“یہ الزام کوئی نیا نہیں ہے۔ لیکن ہم اپنی طاقت پر یہ الیکشن لڑنے جا رہے ہیں۔ ہمارا کسی جماعت سے کوئی خفیہ سمجھوتہ نہیں۔”
اب جب کہ ایم آئی ایم نے ممبئی میونسپل الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، اس کا نقصان مہاوکاس اگاڑی کو ہو سکتا ہے۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اگاڑی اس چوٹ کی بھرپائی کس طرح کرتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!