اہم خبریں

بابری مسجد کے طرز پر نئی بابری مسجد بنے گی بنگال میں ؛ معطل TMC رکنِ اسمبلی ہمایوں کبیر نے مسجد کی بنیاد رکھی، دو لاکھ سے زائد لوگوں کی شرکت

بنگال: (کاوش جمیل نیوز) : بنگال کے ضلع مرشدآباد کے بیلڈانگا علاقے میں TMC کے معطل ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے ہفتے کے روز6 ڈسمبرکو ایودھیا کی بابری مسجد کی طرز پر بننے والی مسجد کی بنیاد رکھی۔ سخت سیکیورٹی کے درمیان ہمایوں کبیر نے علماء کے ساتھ فیتہ کاٹ کر سنگِ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر “نعرۂ تکبیر” اور “اللہ اکبر” کے نعرے بھی لگائے گئے۔ مختلف اضلاع سے آنے والے دو لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی .کوئی اپنے سر پر، کوئی ٹریکٹر، ٹرالی، رکشہ یا وین پر اینٹیں لے کر پروگرام میں پہنچا تھا۔ بیلڈانگا اور آس پاس کے علاقوں میں صبح سے ہی ہائی الرٹ رہا۔ پروگرام کی حفاظت کے لیے سینٹرل آرمڈ فورس کی 19 ٹیمیں، ریپیڈ ایکشن فورس، BSF اور مقامی پولیس سمیت تین ہزار سے زیادہ سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
ہمایوں کبیر نے 25 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ وہ 6 دسمبر کو بابری مسجد کے انہدام کو 33 سال مکمل ہونے پر مسجد کی بنیاد رکھیں گے۔ TMC نے 4 دسمبر کو انہیں پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔ پروگرام سے قبل کبیر نے کہا تھا کہ انہیں روکنے کے لیے شرپسند کوششیں ہو رہی ہیں، لیکن وہ ہر حال میں مسجد کی بنیاد رکھیں گے اور کولکاتا ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل ہوگا۔
کولکاتا ہائی کورٹ نے مسجد کی تعمیر پر روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی حکومت امن برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہوگی۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد ہی ہمایوں کبیر نے سنگِ بنیاد رکھا۔ مسجد کے اس شاندار پروگرام میں سعودی عرب سے بھی مذہبی رہنما آئے تھے۔ تقریب 25 بیگھہ زمین پر منعقد ہوئی۔ کبیر نے پہلے ہی تین لاکھ سے زیادہ لوگوں کی آمد کا اندازہ ظاہر کیا تھا۔
پروگرام کے لیے 150 فٹ لمبا اور 80 فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا، جس پر 400 سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ آنے والوں کے لیے 60 ہزار سے زیادہ بریانی پیکٹ تیار کیے گئے تھے جبکہ دو ہزار سے زیادہ رضاکار انتظام سنبھالنے میں مصروف تھے۔
بی جے پی کے رہنما دلیپ گھوش نے اس سنگِ بنیاد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام ایسے لوگوں کو پہچان چکی ہے جو سیاسی فائدے کے لیے مسلمانوں کو گمراہ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق TMC اور ہمایوں کبیر کے درمیان اندرونی تال میل ہے اور یہ سب مسلم ووٹ بینک کی سیاست ہے۔
بی جے پی کے سینئر رہنما امیت مالویہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی “آگ سے کھیل رہی ہیں”۔ ان کے مطابق ہمایوں کبیر کو مسلم جذبات بھڑکانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ بیلڈانگا پہلے ہی حساس علاقہ ہے اور اگر یہاں حالات بگڑے تو ریاست کی داخلی یکجہتی اور قومی سلامتی متاثر ہو سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!