اہم خبریں

وندے ماترم پر مولانا ارشد مدنی کا مؤقف: عقیدے کے خلاف کسی نعرے یا گیت پر مجبور نہیں کیا جا سکتا

دہلی: (کاوش جمیل نیوز) :وندے ماترم سے متعلق جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں وندے ماترم پڑھنے یا گانے پر اصولی اعتراض نہیں، تاہم مسلمان صرف ایک اللہ کی عبادت کرتا ہے اور اپنی عبادت میں اللہ کے سوا کسی اور کو شامل نہیں کر سکتا۔
وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر پارلیمنٹ میں جاری بحث کے دوران مولانا ارشد مدنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وندے ماترم کے ترجمے اور مفہوم میں شرک سے متعلق تصورات پائے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق اس کے چار اشلوکوں میں وطن کو دیوی قرار دے کر درگا ماتا سے تشبیہ دی گئی ہے اور عبادت کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں، جیسے ’ماں میں تیری پوجا کرتا ہوں‘، جو ایک مسلمان کے عقیدے کے خلاف ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ اسی وجہ سے کسی مسلمان کو اس کی مذہبی عقیدت کے خلاف نعرہ لگانے یا گیت گانے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بھارت کا آئین ہر شہری کو مذہبی آزادی (آرٹیکل 25) اور اظہارِ رائے کی آزادی (آرٹیکل 19) دیتا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’وطن سے محبت کرنا ایک الگ بات ہے اور اس کی عبادت کرنا ایک الگ بات۔ مسلمان اپنے عقیدے پر قائم رہتے ہوئے وطن سے محبت ضرور کرتا ہے، لیکن عبادت صرف اللہ ہی کی کرتا ہے۔‘‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!