بالاپوردیہی سرکاری اسپتال کا عوامی بیداری پیغام ؛ مفت ایچ پی وی ویکسینیشن مہم ؛ بیٹیوں کے محفوظ مستقبل کی جانب ایک اہم قدم

بالاپور : (بذریعہ ذاکر احمد شیخ) :بالاپور کے دیہی سرکاری اسپتال کی جانب سے علاقہ کے عوام کے لیے ایک اہم صحت عامہ اقدام کے تحت مفت ایچ پی وی (HPV) ویکسینیشن مہم شروع کی گئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ ویکسین اب روزانہ اسپتال میں دستیاب رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ ویکسین خاص طور پر 14 سے 15 سال کی عمر کی لڑکیوں کے لیے نہایت ضروری اور فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔ ماہرینِ صحت کے مطابق ایچ پی وی ویکسین بچیوں کو رحم کے منہ کے کینسر (سروائیکل کینسر) جیسے سنگین مرض سے بچانے میں مؤثر ثابت ہوتی ہے، جو خواتین میں پائے جانے والے خطرناک امراض میں شمار کیا جاتا ہے۔
اسپتال انتظامیہ نے مزید بتایا کہ یہ ویکسین مکمل طورپرمحفوظ، مؤثر اورحکومت کی جانب سے تجویز کردہ ہے۔ مناسب عمر میں ویکسین لگوانے سے مستقبل میں لاحق ہونے والے سنگین صحت کے خطرات سے بچاؤ ممکن ہو جاتا ہے۔
علاقہ کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی 14 سے 15 سال کی بچیوں کو قریبی سرکاری اسپتال یا بالاپور دیہی سرکاری اسپتال لے جا کر اس مفت سہولت سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔ آج کی چھوٹی سی احتیاط، کل کی بڑی حفاظت بن سکتی ہے۔”بیٹی کی صحت ہی اس کا مضبوط اور محفوظ مستقبل ہے – اس اہم موقع کو ضائع نہ ہونے دیں!”



