شیگاؤں کے نوجوان وکیل ایڈوکیٹ سید ابوبکرصدیق کی شاندار کامیابی؛ ایل ایل ایم (کرمنل لا) میں اول مقام

بلڈھانہ: (ذوالقرنین احمد) :ضلع بلڈانہ کے شہرشیگاؤں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان وکیل ایڈوکیٹ سید ابو بکر صدیق بن سید محمود کو 25 مارچ کو اورنگ آباد میں ایک باوقار تقریب میں ایل ایل ایم (کرمنل لا) میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا۔ انہیں "شری پربھاکر ملہارراؤ کھوٹ پرائز” دیا گیا، جو ایل ایل ایم فائنل ایئر ( 2025) میں کرمنل لا گروپ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے طالب علم کو دیا جاتا ہے۔
ایڈوکیٹ سید ابو بکر صدیق نے اپنی ایل ایل بی کی تعلیم مانک چند پہاڑے لا کالج، اورنگ آباد سے مکمل کی اوربعد ازاں بمبئی ہائی کورٹ، بینچ اورنگ آباد میں معروف وکیل ایڈوکیٹ سید توصیف یاسین کی زیرِ نگرانی عملی وکالت کا آغاز کیا۔ اسی دوران انہوں نے ایل ایل ایم میں داخلہ لے کر تعلیم اور پریکٹس دونوں کو ساتھ لے کر چلنے کا مشکل مگر قابلِ تحسین سفر جاری رکھا۔
ان کی کامیابی کے پیچھے سخت محنت اور منظم معمولِ زندگی کارفرما رہا۔ وہ روزانہ صبح 7 بجے کالج جاتے، صبح 11 بجے سے شام 6 بجے تک ہائی کورٹ میں پریکٹس کرتے، اور رات 11 بجے تک وکیل کے دفتر میں ڈرافٹنگ اور ریسرچ میں مصروف رہتے۔ اسی مسلسل جدوجہد اور لگن کے ساتھ انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کی اور سب سے زیادہ نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
یہ اعزاز 25 مارچ کو کالج کے سالانہ سماجی اجتماع میں معزز مہمانِ خصوصی کے ہاتھوں پیش کیا گیا، جو ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ زندگی کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔
ماہرین تعلیم اور قانونی حلقوں نے اس کامیابی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نوجوان وکلاء کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ شہر کے معززین، اساتذہ، دوست و احباب اور اہلِ خانہ نے انہیں اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔



