اکولہ: "اب فون نہیں، سیدھی گولی آئے گی”؛ بشنوئی گینگ کی ساجد خان پٹھان کو وارننگ؛ دوسری بار دھمکی؛ پارٹی لیڈر رکن اسمبلی وجے وڈیٹیوار اور رکن اسمبلی نانا پٹولے نے سخت کارروائی کا کیا مطالبہ

اکولہ: (کاوش جمیل نیوز) :بشنوئی گینگ کی جانب سے اکولہ مغرب اسمبلی حلقے کے کانگریس رکن اسمبلی ساجد خان پٹھان کو ایک بار پھر دھمکی موصول ہوئی ہے۔ کانگریس کے ایک کارپوریٹر سے موبائل فون پر رابطہ کرکے یہ دھمکی دی گئی ہے۔ "ابھی بھی وقت نہیں گزرا، جلدی ‘سیٹلمنٹ’ کر لو، ورنہ اب فون نہیں، بلکہ سیدھی گولی آئے گی”، ایسی دھمکی بشنوئی گینگ کے شبھم لونکر نے دیے جانے کا الزام ہے۔ یہ معاملہ آج ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس میں بھی خوب گونجا۔ کانگریس کے مقننہ پارٹی لیڈر رکن اسمبلی وجے وڈیٹیوار اور رکن اسمبلی نانا پٹولے نے اس معاملے میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
بشنوئی گینگ کے شبھم لونکر نے اکولہ مغرب کے کانگریس رکن اسمبلی ساجد خان پٹھان کو دوسری بار دھمکی آمیز فون کیا ہے۔ اس سے قبل بشنوئی گینگ کے کارندے شبھم لونکر نے 17 فروری 2026 کو دوپہر تقریباً 3 بجے ساجد خان پٹھان سے موبائل فون پر رابطہ کیا تھا۔ اس وقت اس نے دھمکی دی تھی کہ "دو دن کے اندر 10 کروڑ روپے دو، ورنہ تمہارا کام تمام کر دیں گے”۔ یہ کال کیلیفورنیا سے آنے کی بات سامنے آئی تھی۔ اس واقعے کے بعد ساجد خان پٹھان کی سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا تھا اور مسلح پولیس اہلکار ان کی حفاظت کے لیے تعینات کیے گئے تھے۔
اب دھمکی آمیز فون کانگریس کے کارپوریٹر آکاش کاوڑے کو کیا گیا۔ فون کرنے والے شخص نے خود کو بشنوئی گینگ کا شبھم بتاتے ہوئے کہا کہ "اگر ساجد پٹھان نے ہماری بات نہیں مانی تو 2 جولائی کو دوپہر 2 بجے کیا ہوتا ہے، وہ دکھا دیں گے”۔ اس گفتگو کی مبینہ آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہو رہی ہے۔
مبینہ آڈیو کلپ کے مطابق دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا، "ساجد خان کے لیے یہ آخری وارننگ ہے۔ اسے بتاؤ کہ شبھم کا فون آیا تھا۔ سیٹلمنٹ کے لیے ابھی بھی تمہارے پاس وقت ہے۔ لائن پر آ جاؤ، ورنہ مار ڈالوں گا۔ پیسوں کا انتظام کرو، نہیں تو موت کے لیے تیار ہو جاؤ۔ اسے میرے بارے میں معلوم ہے۔ میں پہلے بھی اسے فون کر چکا ہوں۔ اب فون نہیں آئے گا، اب سیدھی گولی آئے گی۔”
این سی پی کے رہنما بابا صدیقی کے قتل اور روہت شیٹی کے گھر کے باہر ہونے والی فائرنگ کی ذمہ داری بھی بشنوئی گینگ کے شبھم لونکر نے قبول کی تھی۔ شبھم لونکر اصل میں ضلع اکولہ کے تعلقہ اکوٹ کے نیووری گاؤں کا رہنے والا تھا۔ اس سے قبل بھی اکولہ پولیس نے شبھم لونکر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کے قبضے سے ایک پستول اور چند زندہ کارتوس برآمد کیے تھے۔ لارنس بشنوئی اور اس کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی کے قریبی رابطے میں رہنے والے شبھم لونکر کو اسلحہ اسمگلنگ کے ایک مقدمے میں اکولہ پولیس نے گرفتار کیا تھا۔




