مہاراشٹر

مہاراشٹرمیں موسلادھاربارش کا قہرجاری، ممبئی سمیت کئی اضلاع متاثر؛ 6 جولائی تک شدید بارش کا الرٹ، شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) : ریاست مہاراشٹرمیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش نے شدید رخ اختیار کر لیا ہے، جس کے باعث ریاست کے مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ممبئی سمیت پورے کونکن، وسطی مہاراشٹر اور ودربھ خطوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 6 جولائی تک ریاست کے بیشتر علاقوں میں شدید بارش کا امکان برقرار رہے گا، جس کے پیش نظر شہریوں کو صرف ضرورت کے وقت ہی گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مسلسل ہونے والی بارش کے باعث ممبئی کے متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور کئی علاقے تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ شہر میں بعض مقامات پر سڑکیں دھنسنے اور درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں، جس سے شہری زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔
ممبئی، تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ اضلاع کے کئی علاقوں میں روزمرہ کی سرگرمیاں مکمل طور پر درہم برہم ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب کولہاپور میں دریائے پنچ گنگا کی سطح آب میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے مقامی انتظامیہ اور شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ریاست کے مختلف ڈیموں میں پانی کے ذخائر میں اضافہ ضرور ہو رہا ہے، تاہم صورتحال ابھی اطمینان بخش نہیں مانی جا رہی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست کے 3,028 بڑے، درمیانے اور چھوٹے آبی منصوبوں میں اس وقت مجموعی طور پر 10,443 ملین مکعب میٹر قابلِ استعمال پانی ذخیرہ ہے، جو کل گنجائش کا 25.56 فیصد ہے۔
گزشتہ سال اسی تاریخ کو ریاست میں پانی کا ذخیرہ 49.76 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔ علاقہ وار جائزے کے مطابق امراؤتی ڈویژن میں سب سے زیادہ 41.04 فیصد جبکہ ناگپور ڈویژن میں 39.07 فیصد پانی ذخیرہ ہے۔ کونکن ڈویژن کے ڈیموں میں 32.52 فیصد، اورنگ آباد ڈویژن میں 24.76 فیصد اور ناسک ڈویژن میں 25.46 فیصد پانی موجود ہے۔
سب سے زیادہ تشویشناک صورتحال پونے ڈویژن کی ہے، جہاں ڈیموں میں صرف 16.13 فیصد قابلِ استعمال پانی باقی رہ گیا ہے، جس کے باعث آئندہ دنوں میں آبی بحران کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!