اکولہ میونسپل کارپوریشن میں اقتدار کی کنجی: بی جے پی کی ٹھاکرے گروپ سے بات چیت؛ بی جے پی، ٹھاکرے اتحاد کے آثار نمایاں

اکولہ: (کاوش جمیل نیوز) :ریاست میں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات مکمل ہو چکے ہیں اور اب سب کی نظریں میئر کے انتخاب پر مرکوز ہیں۔ کئی ایسی میونسپل کارپوریشنز ہیں جہاں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ اسی وجہ سے اقتدار کی تشکیل کے لیے مختلف سیاسی جوڑ توڑ اور نئے سیاسی فارمولے سامنے آتے دکھائی دے رہے ہیں۔
اکولہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بھی کسی پارٹی کو صاف اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ اسی دوران اکولہ میں بی جے پی نے شیو سینا (اُدھو ٹھاکرے گروپ) کو اتحاد کی پیشکش کی ہے، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں زبردست بحث چھڑ گئی ہے۔ کیونکہ ریاستی سیاست میں یہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی مخالف رہی ہیں، لیکن اب اکولہ میں ان کے ایک ساتھ آنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
موصولہ معلومات کے مطابق اکولہ میں اکثریت کے ہندسے 41 کو پورا کرنے کے لیے بی جے پی نے براہِ راست ٹھاکرے گروپ کی شیو سینا سے رابطہ کیا ہے۔ بی جے پی کے سابق میئر وجے اگروال اور ٹھاکرے گروپ کے ضلع سربراہ گوپال داتکر کے درمیان اکولہ میں ملاقات ہوئی ہے۔ آج اس ملاقات کی خبر کی تصدیق بھی ہو گئی ہے۔
80 رکنی اکولہ میونسپل کارپوریشن میں کسی بھی پارٹی کو اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ بی جے پی 38 نشستیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، جبکہ ٹھاکرے گروپ کی شیو سینا کے 6 کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں۔ اسی عددی طاقت کے باعث دونوں پارٹیوں کے اتحاد کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بی جے پی نے اکولہ میں حکومت سازی کے لیے ٹھاکرے گروپ سے تعاون کی درخواست کی ہے۔ اس کے بدلے ٹھاکرے گروپ کی جانب سے نائب میئر کے عہدے اور قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی اس تجویز پر غور کرے گی۔
بی جے پی اور ٹھاکرے گروپ کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی خفیہ ملاقات کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ اس ملاقات میں شہر کی ترقی سے جڑے اہم مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ٹھاکرے گروپ کے ایم ایل اے نتین دیشمکھ نے کہا ہے کہ “جو بھی ہمارے نکات پر مثبت مؤقف اختیار کرے گا، ہم اسی کے ساتھ جائیں گے، اور تمام کے لیے دروازے کھلے ہیں۔”
اکولہ میونسپل کارپوریشن میں پارٹی وار طاقت
کل نشستیں: 80
اکثریت کا ہندسہ: 41
بی جے پی: 38
کانگریس: 21
شیو سینا (اُدھو ٹھاکرے گروپ): 06
شیو سینا (شندے گروپ): 01
نیشنلسٹ کانگریس (اجیت پوار): 01
نیشنلسٹ کانگریس (شرد پوار): 03
ونچیت: 05
اے آئی ایم آئی ایم: 03
آزاد امیدوار: 02
اکولہ کی سیاست میں یہ نئی پیش رفت آئندہ دنوں میں کیا رخ اختیار کرے گی، اس پر پورے مہاراشٹر کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔



